سرخسی لقب سے متصف علماء:

سرخسی لقب سے متصف علماء:

اس لقب کے ساتھ کئی شخصیات متصف ہیں، ان میں سرفہرست صاحبِ مبسوط ہیں۔یہاں ایسے علماء کا مختصر تعارف مقصود ہے۔ لیکن اس سے پہلے لفظ "سرخس" کے تلفظ کے بارے کچھ وضاحت ضروری ہے۔ الجواہر المضیہ میں اس لفظ کے بارے میں لکھا ہے کہ یہ "سین" اور "راء" کے فتح اور "خا" کے سکون کے ساتھ استعمال ہوتا ہے۔ یہی زیادہ مشہور ہے، البتہ بعض نے "راء" کے سکون اور "خا" کے فتح کے ساتھ بھی پڑھا ہے اور کہا ہے کہ یہ لفظ عربی میں منتقل ہوکر اسی طرح  استعمال ہوتا ہے، جبکہ  فارسی میں  "راء" پر فتح اور "خا" کے سکون کے ساتھ استعمال ہوتا ہے۔

(1)۔۔۔شمس الائمہ، قاضی ابوبکر سرخسی۔ (متوفی483ھ) آپ کا پورا نام محمد بن احمد بن سہل ہے۔ خراسان کے علاقے"سرخس" میں پیدا ہوئے ۔ آپ کا شمار فقہاء حنفیہ کی عظیم شخصیات اور مجتہدین میں ہوتا ہے۔ آپ کی سب سے مشہور کتاب "المبسوط" ہے جو تیس جلدوں پر مشتمل ہے، یہ کتاب آپ نے اوزجند کے جیل  سے شاگردوں کو املاء کروائی ہے۔ دیگر کتابوں میں "شرح الجامع الکبیر" ، "شرح السیر الکبیر" ، "شرح مختصر الطحاوی" اور اصول فقہ میں "الاصول" شامل ہے۔
(2)۔۔۔ابو العباس ابن طیب سرخسی۔(متوفی 286ھ) آپ کا مکمل نام احمد بن محمد بن مروان بن طیب ہے۔ آپ کو فلسفہ میں خاص مہارت حاصل تھی، اس کے علاوہ تاریخ، سیاست، ادب اور فنون کے بھی عالم تھے۔ آپ کی پیدائش بھی "سرخس" میں ہوئی ۔ آپ مشہور فلسفی کندی کے شاگرد رہے ہیں اور خلیفہ عباسی معتضد باللہ کے استاد رہے ہیں۔ آپ کی کتابوں میں "کتاب السیاسۃ" ، "المدخل الی صناعۃ النجوم"، "کتاب الموسیقی" ، "المسالک والممالک" ، "الجلساء والمجالسۃ" اور کتاب النفس، کتاب الشطرنج، وغیرہ کا تذکرہ ملتا ہے۔
(3)۔۔۔اسماعیل بن ابراہیم بن محمد سرخسی۔(متوفی 414ھ)۔ آپ حافظ اسحاق القراب کے بھائی تھے۔ فقیہ اور ادیب ہونے کے ساتھ ساتھ مشہور قاری اور قراءات میں امام تھے۔ آپ نے مناقب امام شافعیؒ میں ایک کتاب بھی لکھی ہے۔
(4)۔۔۔ابوبکر، عبدالرحمن بن محمد سرخسی۔(متوفی 439ھ) آپ حنفی فقیہ تھے۔ آپ کی پیدائش بھی سرخس میں ہوئی اور بعد میں خوزستان منتقل ہوگئے۔ بصرہ میں دو بار قاضی مقرر ہوئے ۔ آپ کی کتابوں میں مشہور کتاب "تکملۃ التجرید للکرمانی" ہے۔
(5)۔۔۔عبید اللہ سرخسی۔(متوفی 241) آپ کا پورا نام عبید اللہ بن سعید بن یحیٰ ہے۔ آپ حفاظِ حدیث میں سے تھے۔امام بخاریؒ نے بھی آپ سے روایات لی ہیں۔
(6)۔۔۔رضی الدین سرخسی (متوفی 571ھ) آپ کا نام محمد بن محمد ہے۔ عظیم حنفی فقیہ تھے۔ حلب میں رہتے تھے اور پھر دمشق منتقل ہوئے، وہیں پر وفات پائی۔ آپ کی کتابوں میں "المحیط الرضوی" ، "المحیط" ،"الطریقۃ الرضویۃ"، "الوسیط" اور "الوجیز" شامل ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پیش حق مژدہ شفاعت کا تضمین بر کلام امام احمد رضا

.کوئی گل باقی رہے گا نہ چمن رہہ جائے گا تضمین بر کلامِ سیِّد کفایت علی کافیٓ علیہ الرحمہ